ڈاکٹروردہ قتل کیس: مفرورملزم پولیس مقابلےمیں ہلاک

ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں مفرور مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ٹھنڈیانی روڈ پر ملزم شمریز کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی گئی، اس دوران ملزم اور اس کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں شمریز موقع پر ہلاک ہو گیا۔
اس کیس میں اب تک ملزمہ ردا، اس کے شوہر سمیت چار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر وردہ نے اپنی دوست ردا کے پاس 67 تولہ سونا بطور امانت رکھوایا تھا۔ بعد ازاں ملزمہ نے سونا واپس کرنے کے بہانے ڈاکٹر وردہ کو اپنے ساتھ لے جاکر منصوبہ بندی کے تحت اغوا کیا۔
ڈاکٹر وردہ کو 4 دسمبر کو اسپتال کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا، جبکہ چار دن بعد ان کی لاش لڑی بنوٹا کے علاقے سے برآمد ہوئی۔
ڈی پی او ہارون رشید کے مطابق اغوا کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ہی ڈاکٹر وردہ کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ملزمان پہلے انہیں جناح آباد میں زیرِ تعمیر مکان میں لے گئے، جہاں گلا دبا کر قتل کیا گیا، بعد ازاں لاش کو ٹھنڈیانی کے قریب دفن کر دیا گیا۔








