ڈائناسور انڈے کی دریافت سے سائنسدان حیران — 7 کروڑ سال بعد بھی بالکل محفوظ!

ارجنٹینا کے علاقے پٹاگونیا میں سائنسدانوں نے ایک ایسا انڈہ دریافت کیا ہے جو بظاہر بالکل نیا لگتا ہے، مگر حقیقت میں یہ تقریباً 7 کروڑ سال پرانا ہے۔ اس انڈے کی حالت دیکھ کر ماہرین حیران رہ گئے کیونکہ یہ بالکل مکمل اور محفوظ حالت میں پایا گیا ہے۔
یہ انڈہ ریو نیگرو کے مقام سے ملا ہے، جہاں پہلے بھی ڈائناسور کے انڈے دریافت ہو چکے ہیں، مگر اتنی اچھی حالت میں محفوظ انڈہ پہلی بار ملا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کا سائز کسی شتر مرغ کے انڈے جیسا ہے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ کسی چھوٹے گوشت خور ڈائناسور کا ہو سکتا ہے۔
ارجنٹینا میوزیم آف نیچرل سائنسز سے وابستہ محقق گونزالو میونوز کے مطابق یہ دریافت ایک غیر معمولی سائنسی پیشرفت ہے۔ ان کے بقول، انڈے کی ساخت مکمل ہے اور امکان ہے کہ اس کے اندر کچھ حیاتیاتی مواد بھی محفوظ ہو۔
اب اس انڈے کو مزید تحقیق کے لیے میوزیم میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں جدید اسکیننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے اس بات کا پتہ لگایا جائے گا کہ آیا اس کے اندر کسی ڈائناسور کے بچے کے آثار موجود ہیں یا نہیں۔ اگر ایسا ہوا تو یہ دریافت جنوبی امریکہ میں ڈائناسورز کی تاریخ کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔









