
چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2027 سے گاڑیوں میں استعمال ہونے والے خفیہ (ہِڈن) ڈور ہینڈلز پر پابندی عائد کرے گا، جس کے بعد تمام نئی مسافر گاڑیوں میں واضح اور مکینیکل اندرونی و بیرونی ہینڈلز کی موجودگی لازمی ہو گی۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب الیکٹرک گاڑیوں کی حفاظت عالمی سطح پر زیرِ بحث ہے۔ حالیہ برسوں میں پیش آنے والے بعض سنگین حادثات، جن میں چین میں ایک معروف مقامی کمپنی کی برقی گاڑیوں کے واقعات بھی شامل ہیں، نے یہ خدشات بڑھا دیے ہیں کہ تکنیکی خرابی کی صورت میں دروازے نہ کھلنے سے مسافروں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
نئے ضوابط کے مطابق وہی گاڑیاں فروخت کے لیے منظور کی جائیں گی جن کے دروازوں پر باہر کی طرف نمایاں مکینیکل ہینڈلز موجود ہوں گے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں دروازے آسانی سے کھولے جا سکیں۔ یہ قوانین یکم جنوری 2027 سے نافذ ہوں گے، جبکہ پہلے سے منظور شدہ ماڈلز کو یکم جنوری 2029 تک ان تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں بعض حادثات کے دوران چھپے ہوئے ہینڈلز کے باعث امدادی کارروائیوں میں تاخیر ہوئی، جس سے قیمتی جانیں خطرے میں پڑیں۔ اسی تناظر میں قوانین کو مزید سخت کیا گیا ہے۔
وزارتِ صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق، مسافر گاڑیوں کے عقبی دروازوں اور ڈگی کے علاوہ تمام دروازوں پر ہینڈل کے لیے کم از کم مخصوص سائز کا واضح خلا ہونا ضروری ہو گا، تاکہ اسے آسانی سے پکڑا جا سکے۔
اسی طرح گاڑی کے اندر بھی دروازہ کھولنے کے مقام کی نشاندہی کے لیے نمایاں علامات لگانا لازم قرار دیا گیا ہے، تاکہ مسافروں کو کسی بھی صورت میں دروازہ کھولنے میں الجھن کا سامنا نہ ہو









