
چینی کمپنی ایگی بوٹ کے انسان نما روبوٹ اے 2 نے 106 کلومیٹر (65 میل) پیدل چل کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ سفر 10 نومبر کو مشرقی چین کے جیانگسو صوبے کی Jinji جھیل سے شروع ہوا اور 13 نومبر کو شنگھائی کے علاقے Bund پر ختم ہوا۔
کمپنی کے مطابق اے 2 نے یہ فاصلہ بغیر کسی رکے طے کیا، جس کی وجہ اس کا ہاٹ سوایپ ایبل بیٹری سسٹم ہے جو روبوٹ کو مسلسل چلنے کی سہولت دیتا ہے۔ ایگی بوٹ کے نائب صدر وانگ چوانگ نے بتایا کہ دو صوبوں کے درمیان یہ پیدل سفر روبوٹ کی پائیداری، توازن اور ہارڈ وئیر کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ روبوٹ 5.74 فٹ لمبا اور 55 کلوگرام وزن کا ہے اور جدید آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو ٹیکسٹ، آڈیو اور بصری معلومات کا تجزیہ کرنے کے قابل ہے۔ اس کے علاوہ یہ روبوٹ سوئی میں دھاگا ڈالنے جیسے مہارت والے کام بھی انجام دے سکتا ہے۔
اپنے سفر کے دوران اے 2 نے شہری سڑکوں، ایکسپریس ویز، پل اور ڈھلوانوں سے گزرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کی۔ ڈوئل جی پی ایس ماڈیولز اور لیڈار سنسرز کی مدد سے یہ روبوٹ مسلسل اپنی منزل کی طرف بڑھتا رہا اور سفر کے اختتام پر مکمل طور پر فعال تھا۔
اس کارنامے کے ساتھ، اے 2 نے روبوٹ کے طور پر سب سے طویل پیدل فاصلہ طے کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔









