چمیرا ڈیم سے پانی کا اخراج، دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی

بھارت کی جانب سے دریاؤں پر بنائے گئے ڈیموں سے پانی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں دریائے راوی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق چمیرا ڈیم 1 سے بڑے پیمانے پر پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس سے دریائے راوی میں پانی کی آمد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پانی کا اخراج اسی رفتار سے جاری رہا تو نچلے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کشمیر ریجن کے مختلف ڈیموں کے دروازے کھول دیے گئے ہیں، اور وہاں سے تقریباً 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ پانی کا اخراج ایک ہی وقت میں کیا جائے گا یا مرحلہ وار۔
پاکستانی حکام نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر دریائے راوی کے کنارے واقع علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔









