پی ٹی آئی کے اراکین کی حمایت سے محمود خان اچکزئی اپوزیشن لیڈر مقرر

0
110
پی ٹی آئی کے اراکین کی حمایت سے محمود خان اچکزئی اپوزیشن لیڈر مقرر

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دستخط کے بعد نوٹیفکیشن پی ٹی آئی کے رہنما گوہر علی خان اور عامر ڈوگر کے حوالے کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی قیادت کا معاملہ باضابطہ طور پر حل ہو گیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کا آغاز اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ آج وقفہ سوالات نہیں ہوگا۔ اجلاس کے دوران اسپیکر نے چیف وہپ کو اپنے چیمبر بلا کر اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن حوالے کیے اور بعد ازاں محمود خان اچکزئی کو اس عہدے پر باضابطہ طور پر تعینات کرنے کا اعلان کیا۔
اسپیکر نے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کی رہنمائی سے مشاورت کی جائے گی۔ اس موقع پر گوہر علی خان نے یاد دلایا کہ اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے اجرا کا وعدہ جمعرات تک کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے نا اہل ہونے اور رکنیت ختم ہونے کے بعد بانی تحریک انصاف عمران خان نے سینئر سیاستدان اور آئین پاکستان بحالی تحریک کے رہنما محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے 70 سے زائد اراکین نے دستخط کر کے ان کی تعیناتی کی درخواست دی تھی اور کافی عرصے سے انہیں اس عہدے پر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

Leave a reply