
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت اور ریاستی اداروں کا ایک دوسرے کو ذہنی مریض قرار دینا نہایت افسوسناک اور ملکی ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، اگر ملاقاتوں کی اجازت دی جائے تو معاملات میں بہتری آ سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک کا دفاع سب کے لیے مقدم ہے اور پی ٹی آئی کا مؤقف کبھی ریاست مخالف نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے ادارے سب کے ہیں، اسی لیے ضروری ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور اعتماد کے فقدان کا خاتمہ کریں، کیونکہ ملک مزید تناؤ اور انتشار برداشت نہیں کرسکتا۔
انہوں نے جمہوری قوتوں سے اپیل کی کہ وہ ملکی سیاسی درجہ حرارت میں کمی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک پریس کانفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیانیے پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ذہنی مریض قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان سے ملنے والا ہر شخص ریاست اور فوج کے خلاف مؤقف سنتا ہے۔









