
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں اور ملکی مفاد کے معاملات پر بات آگے بڑھ سکتی ہے، تاہم مذاکرات کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
منگل کو وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی اور اقتصادی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی اور اب بھی وہ اس کے لیے تیار ہیں تاکہ ملک میں سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی قائم ہو اور خوشحالی کو فروغ ملے۔
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے بھی بات کی اور اسے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نجکاری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ ارکان نے اس عمل میں سخت محنت کی ہے اور بولی کے عمل کو شفاف بنانے کی ضرورت تھی تاکہ یہ کامیاب ہو۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل کو سعودی عرب سے دیے گئے کنگ عبدالعزیز ایوارڈ کی بھی تعریف کی گئی اور وزیراعظم نے کہا کہ یہ اعزاز صرف فیلڈ مارشل کا نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ اسمبلی سمیت ہر فورم پر پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔









