پی سی بی کا این او سی پالیسی میں بڑا فیصلہ: کارکردگی بنیاد بنے گی

0
167
پی سی بی کا این او سی پالیسی میں بڑا فیصلہ: کارکردگی بنیاد بنے گی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز میں شرکت کی اجازت (این او سی) کارکردگی سے مشروط کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تاحکمِ ثانی تمام جاری این او سیز معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد کے دستخط سے جاری ہوا ہے۔

این او سی کی معطلی کا براہ راست اثر کئی اہم کھلاڑیوں پر پڑے گا، جن میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، حارث رؤف، شاداب خان اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ سمیت دیگر غیر ملکی لیگز کے لیے اجازت نامے دیے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں صرف وہی کھلاڑی این او سی کے اہل ہوں گے جو بین الاقوامی اور ڈومیسٹک سطح پر بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ جو کھلاڑی معیار پر پورا نہیں اتریں گے، انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تربیت کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں میں بہتری لا سکیں۔

اس فیصلے کا مقصد قومی ٹیم کی کارکردگی کو ترجیح دینا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ کھلاڑی پہلے پاکستان کی نمائندگی کو اہمیت دیں۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Leave a reply