
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سیریز کے دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچز اب نئی تاریخوں پر منعقد ہوں گے۔ نیا شیڈول کے تحت دوسرا میچ 14 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے 16 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بتایا کہ شیڈول میں تبدیلی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے پاکستان میں قیام اور سیریز جاری رکھنے کے فیصلے پر شکر گزار ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی انتظامی ٹیم اور سیکیورٹی ادارے شائقین کرکٹ کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرنے کے لیے سہولیات میں مزید بہتری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سیریز کا پہلا ون ڈے میچ پہلے ہی راولپنڈی میں کھیلا جا چکا ہے، جبکہ بقیہ دونوں میچ بھی اسی مقام پر شیڈول کیے گئے ہیں تاکہ ٹیموں کے سفری معاملات میں آسانی ہو اور شائقین کو مسلسل کرکٹ دیکھنے کا موقع مل سکے۔








