پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرنوڈلز بیچ کر روزانہ لاکھوں روپے کمانے لگا

اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بعض اوقات روایتی ملازمت کا حصول ممکن نہیں ہوتا، لیکن کچھ افراد اس چیلنج کو موقع میں بدل دیتے ہیں۔
چین سے تعلق رکھنے والے ڈینگ، جنہوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد بیلجیئم میں تحقیقی کام کیا، ایک وقت میں مستحکم ملازمت نہ ملنے پر اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک منفرد راستے پر چل نکلے۔
انہوں نے مئی 2025 میں بیلجیئم کی مقامی مارکیٹوں میں روایتی چینی انداز کے مسالے دار نوڈلز فروخت کرنا شروع کیے۔ ان نوڈلز میں مقامی ذائقے کو مدنظر رکھتے ہوئے مٹر اور دیگر اجزا شامل کیے جاتے ہیں۔
ڈینگ اور ان کی اہلیہ وانگ ہفتے میں صرف دو دن اسٹال لگاتے ہیں، اور ان دنوں میں وہ روزانہ ایک ہزار یورو سے زائد کما لیتے ہیں۔ وانگ کا کہنا ہے کہ ان کا یہ پکوان ان کے آبائی علاقے سے جڑا ہوا ہے اور وہ اسے بچپن سے کھاتی آ رہی ہیں۔
ڈینگ جب اپنی اہلیہ کے ساتھ اسٹال پر مصروف نہیں ہوتے تو ملازمت کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم وہ اس کاروبار سے ملنے والی آمدن کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہیں۔
وانگ کے بقول، نوڈلز کا کاروبار تحقیق سے کچھ مختلف نہیں—دونوں میں صبر، تجربہ اور تسلسل درکار ہوتا ہے۔
یہ جوڑا اس بات کی مثال بن چکا ہے کہ اگر روایتی ملازمت دستیاب نہ ہو تو خود روزگاری بھی کامیابی کی راہ بن سکتی ہے۔