
لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر دو سال کے لیے پابندی عائد کردی۔ اس دوران عماد بٹ نہ ڈومیسٹک میچز میں حصہ لے سکیں گے نہ بین الاقوامی مقابلوں میں۔
صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران بدانتظامی کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے کمیٹی بنانے کی درخواست کی ہے تاکہ ذمہ داروں کو سزا دی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ دورے میں فنڈز اور ہوٹل بکنگ کے مسائل پاکستان اسپورٹس بورڈ کی تاخیر کی وجہ سے پیش آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور عالمی رینکنگ میں 18ویں سے 13ویں مقام تک پہنچے ہیں۔ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کے تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دوسری جانب، وزیر اعظم کے مشیر کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ کی تین رکنی کمیٹی نے انکوائری مکمل کرلی ہے اور رپورٹ وزیر اعظم کے دفتر میں بھیج دی گئی ہے، جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔








