
لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے پہلی بار پلیئرز آکشن کی تقریب آج لاہور میں منعقد ہوگی، جہاں فرنچائزز بولی کے ذریعے اپنے اسکواڈ مکمل کریں گی۔
ایکسپو سینٹر لاہور میں ہونے والی اس تقریب میں ٹیموں کو آکشن کے ذریعے کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 21 کھلاڑی منتخب کرنے کی اجازت ہوگی۔ قواعد کے مطابق اگر کوئی ٹیم 16 رکنی اسکواڈ تشکیل دیتی ہے تو اس میں 5 غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ 21 رکنی اسکواڈ میں زیادہ سے زیادہ 7 غیر ملکی پلیئرز رکھے جاسکتے ہیں۔ ہر ٹیم کے لیے کم از کم دو انڈر 23 کھلاڑیوں کو شامل کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
پلیئرز آکشن کا آغاز صبح 11 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ اس بار آکشن کے لیے مجموعی طور پر 880 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے، جن میں مقامی اور غیر ملکی دونوں شامل ہیں۔
فرنچائزز کو اپنے اسکواڈ کی تکمیل کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ فراہم کیا گیا ہے۔ اس بجٹ میں ری ٹین کیے گئے اور براہِ راست سائن کیے گئے کھلاڑیوں کی فیس بھی شامل ہوگی۔
پی ایس ایل 11 کے لیے ہونے والی اس آکشن تقریب کو لیگ کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








