
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے اعلان کیا ہے کہ لیگ میں دو نئی فرنچائز شامل کی جائیں گی، جن کے لیے جلد آکشن منعقد کیا جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان نصیر نے بتایا کہ پی ایس ایل کے آغاز میں اگرچہ دلچسپی کم تھی، لیکن پانچ پارٹیوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹیمیں خریدیں، اور لیگ نے مسلسل ترقی کا سفر جاری رکھا۔
انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں نے لیگ کو بدنام کرنے کی کوشش کی، تاہم پی ایس ایل نے ہر چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے خود کو مضبوط بنایا۔ دس سال مکمل ہونے پر تمام ابتدائی معاہدے ختم ہوچکے ہیں، اور اب دسویں ایڈیشن کے بعد لیگ کی دوبارہ ویلیو ایشن کی جا رہی ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق، دو نئی فرنچائز کے لیے بڈنگ کرنے والی پارٹیوں کو شہروں کے ناموں کی فہرست دی جائے گی، جن میں سے وہ اپنی پسند کا شہر منتخب کر سکیں گی۔
مزید بتایا گیا کہ آئندہ دو سال کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا اسپانسر برقرار رہے گا۔ یہ نیا معاہدہ آزاد ویلیو ایشن کے تحت کیا گیا ہے، جس کی مالیت گزشتہ معاہدے کے مقابلے میں 505 فیصد زیادہ ہے۔









