پی آئی اے کوبرطانیہ کیلئےمسافر و کارگو پروازوں کی اجازت مل گئی

0
185
پی آئی اے کوبرطانیہ کیلئےمسافر و کارگو پروازوں کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو برطانیہ کے لیے مسافر بردار اور کارگو پروازوں کے آغاز کی باضابطہ اجازت مل گئی ہے۔ قومی ایئرلائن کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے تحت تھرڈ کنٹری آپریٹر سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے، جس کے بعد برطانیہ کیلئے براہ راست پروازوں کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایئرلائن آئندہ ماہ سے برطانیہ کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ ابتدائی مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی، جب کہ بعد میں لندن اور برمنگھم کو بھی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے پی آئی اے کو پانچ سال کے لیے فضائی آپریشن کی اجازت دی گئی ہے، جس میں مسافر بردار اور کارگو دونوں اقسام کی پروازیں شامل ہوں گی۔

سی ای او پی آئی اے نے برطانوی حکام کے اعتماد اور پاکستانی حکومت کے مختلف اداروں، بشمول وزارت دفاع، سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عمل میں شامل پی آئی اے ٹیم کی بھی تعریف کی جنہوں نے پانچ سالہ عرصے کے دوران مختلف آڈٹس کامیابی سے مکمل کیے۔

پی آئی اے کی جانب سے یورپی فضائی شعبے میں واپسی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو ایئرلائن کی بین الاقوامی ساکھ کی بحالی کی جانب بڑا قدم ہے۔

Leave a reply