
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق عوام سے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر بھاری ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق فی لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 94 روپے 89 پیسے ٹیکس عائد ہے، جو کل قیمت کا تقریباً 36 فیصد بنتا ہے۔ ان میں 14 روپے 37 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 78 روپے 2 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائیمٹ سپورٹ لیوی شامل ہیں۔
اسی طرح، فی لیٹر ڈیزل پر 95 روپے 35 پیسے ٹیکس عائد ہے، جو اس کی قیمت کا تقریباً 35 فیصد حصہ بنتا ہے۔ اس میں 15 روپے 84 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 77 روپے ایک پیسہ پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائیمٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹیکسوں کا یہ بوجھ نہ صرف عام صارفین پر مالی دباؤ بڑھا رہا ہے بلکہ مہنگائی کی شرح میں اضافے کا باعث بھی بن رہا ہے۔