
پیار کرو گے تو پیار ملے گا، آنکھیں دکھاؤ گے تو آنکھیں نکال لیں گے
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیار کرو گے تو پیار کریں گے اور اگر تم آنکھیں دکھاؤ گے تو تمہاری آنکھیں نکال لیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اُڑان بھرنا شروع کرتا ہے تو بھارت سازشیں شروع کر دیتا ہے، بلوچستان میں دہشتگردی اور جعفر ایکسپریس حملے کے پیچھے بھارت ہے، جب وہ اپنی سازشوں میں ناکام ہوا تو اس نے پاکستان کے حصے کا پانی بند کر دیا ہے۔
بھارت کی گھناؤنی سازش کے خلاف احتجاج اور ہمیں پاک فوج کا ساتھ دینا ہے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی پر عوام پاک فوج کے ساتھ ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج کا ریکارڈ ہے کہ جو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے اسے گرانا بھی جانتے ہیں، لیکن دشمن کو معافی مانگنے پر چائے پلانا بھی جانتے ہیں، 1947 سے لے کر آج تک بھارت پاکستان کے ایک انچ پر بھی نظر نہیں ڈال سکا، جب جب بھارت نے پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھا تو اسے منہ کی کھانی پڑی۔









