پنشن کے لیے دفاتر کے چکر ختم، ای پنشن نظام کی منظوری

0
73

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پنشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے “احساس ای پنشن سسٹم” کی منظوری دے دی ہے، جو یکم جنوری 2026 سے نافذالعمل ہوگا۔ اس نظام کے تحت پنشن کی ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی اور موجودہ کاغذی نظام کو پیپرلیس سسٹم میں تبدیل کردیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ قبل پنشن کیس کو آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرایا جاسکے گا، جہاں سادہ ڈیجیٹل فارم بھرنے کے بعد ضروری دستاویزات اسکین کرکے اپ لوڈ کی جائیں گی۔ اس کے بعد سسٹم ازخود متعلقہ محکموں کو ٹائم باؤنڈ ٹاسک کے طور پر کارروائی کے لیے آگاہ کرے گا۔

ڈیجیٹل نظام کے تحت پنشن کی تصدیق اور منظوری کا عمل بھی مکمل طور پر آن لائن ہوگا، جبکہ تمام آرڈرز ڈیجیٹل دستخط شدہ ہوں گے جنہیں قانونی حیثیت حاصل ہوگی۔ نیا نظام نادرا، اکاؤنٹنٹ جنرل آفس اور بینکوں کے ساتھ مربوط ہوگا، جس سے ریٹائرڈ ملازمین کو مقررہ وقت میں پنشن براہِ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم سے پنشنرز کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی، اور اس سے شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 36 مختلف عوامی خدمات کو آن لائن کیا جاچکا ہے، اور ای گورننس کی جانب سفر تیزی سے جاری ہے۔

یہ اقدام خیبرپختونخوا میں گورننس کو بہتر بنانے، عوامی سہولت کو ترجیح دینے اور سرکاری نظام کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Leave a reply