پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

0
138
پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

پنجاب کے مختلف دریاؤں میں مسلسل سیلابی کیفیت برقرار ہے، جس کے باعث کئی علاقے متاثر ہو رہے ہیں۔ دریائے چناب میں ہیڈ تریمو کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بڑھ کر 5 لاکھ 8 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

سیلابی پانی جنوبی پنجاب کی جانب بڑھ رہا ہے، اور تحصیل شجاع آباد و تحصیل جلالپور پیر والا اس سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلالپور پیر والا میں 50 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ انہار نے شہر کو بچانے کے لیے 8 کلومیٹر طویل عارضی بند کی تعمیر کا عمل تیز کر دیا ہے۔

ملتان میں اکبر فلڈ بند اور شیر شاہ فلڈ بند پر پانی کی سطح عارضی طور پر کم ہوئی ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر بندوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ شیر شاہ فلڈ بند پر مسلسل مٹی ڈالنے کا عمل جاری ہے۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 11 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام پر بھی سیلاب کی شدت برقرار ہے۔

اسی طرح دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی پر بہاؤ ایک لاکھ 54 ہزار کیوسک ہو گیا ہے، جبکہ ہیڈ سدھنائی پر پانی کی سطح میں کمی آ رہی ہے، اور وہاں بہاؤ 91 ہزار کیوسک تک کم ہو گیا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں قائم ایک فلڈ ریلیف کیمپ میں ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا، جس کے بعد ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے شہریوں کو احتیاط برتنے اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

Leave a reply