پنجاب پولیس کا اے ٹی سی ججز کی سکیورٹی کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کا منصوبہ

0
97
پنجاب پولیس کا اے ٹی سی ججز کی سکیورٹی کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کا منصوبہ

پنجاب پولیس نے انسدادِ دہشتگردی عدالتوں میں تعینات ججز کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے نئی سرکاری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 11 بڑی گاڑیاں حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک سمری ارسال کی گئی ہے، جس میں گاڑیوں کی خریداری اور انہیں بلٹ پروف بنانے کے لیے مجموعی طور پر 23 کروڑ 86 لاکھ 45 ہزار روپے کی منظوری مانگی گئی ہے۔
سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں عدالتی نظام کو سکیورٹی خدشات لاحق ہیں، جس کے پیش نظر اے ٹی سی ججز کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اس حوالے سے سکیورٹی تھریٹ سے متعلق مراسلہ بھی سمری کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق گاڑیوں کی خریداری پر 14 کروڑ 18 لاکھ 45 ہزار روپے خرچ ہوں گے، جبکہ ایک گاڑی کی قیمت تقریباً ایک کروڑ 28 لاکھ 95 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ مزید یہ کہ گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کے لیے 9 کروڑ 68 لاکھ روپے درکار ہوں گے، جس میں فی گاڑی بلٹ پروفنگ کی لاگت 88 لاکھ روپے ہے۔
پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ اس منصوبے کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی جائے تاکہ ججز کی سکیورٹی کو درپیش خطرات سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

Leave a reply