
لاہور: پنجاب حکومت نے شادیوں اور دیگر تقریبات میں ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی اور غیر ضروری لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ صوبے بھر میں ون ڈش پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ فارم ہاؤسز اور گراؤنڈز میں ہونے والی تقریبات میں بھی ون ڈش کی پابندی پر کوئی نرمی نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے تقریبات کے دوران بلند آواز میوزک چلانے والوں کے خلاف ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔ اس کے علاوہ میرج ہالز کے مقررہ اوقات کار کی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ بھی اجلاس میں کیا گیا۔
یہ اقدام صوبے میں شور کی آلودگی کم کرنے اور تقریبات کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔








