پنجاب میں سیلاب کی صورتحال سنگین، متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے زائد

0
120
پنجاب میں سیلاب کی صورتحال سنگین، متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے زائد

پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال بدستور سنگین ہے، جہاں متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 37 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

دریائے راوی میں آنے والا 2 لاکھ کیوسک سے زائد کا سیلابی ریلا تاندلیانوالہ سے گزرتے ہوئے کمالیہ کے علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جس سے درجنوں دیہات، زرعی زمینیں اور رابطہ سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں۔

ملتان میں دریائے چناب کے قریب نشیبی علاقے متاثر ہو رہے ہیں، کئی بستیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں اور مکین اپنی قیمتی اشیاء کے ہمراہ کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں۔

سیلابی صورتحال کے باعث ملتان کے امدادی کیمپوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ خاص طور پر بچے جلدی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ضلعی سطح پر قائم فلڈ ریلیف کیمپس میں طبی سہولیات کی کمی بھی محسوس کی جا رہی ہے۔

مظفر گڑھ کے علاقے رنگ پور کی 14 بستیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں جبکہ جھنگ میں 250 سے زائد دیہات سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں قائم فش فارمز کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق، آئندہ 24 گھنٹے اہم قرار دیے گئے ہیں کیونکہ رات گئے دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے۔ کمشنر ملتان کے مطابق اب تک 4 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ انتظامیہ نے عوام سے محتاط رہنے اور نشیبی علاقوں سے فوری انخلا کی ہدایت کی ہے۔

Leave a reply