پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر غور

0
190
پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر غور

پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلیف کمشنر پنجاب اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے، جبکہ صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں فوری طبی امداد کے لیے “کلینک آن وہیلز” روانہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ، تعلیمی اداروں کی عارضی بندش پر بھی مشاورت کی گئی تاکہ بچوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے ننکانہ، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دریائی علاقوں کو فوری طور پر خالی کرانے کی ہدایات جاری کیں، جبکہ جھنگ اور چنیوٹ کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے رواز پل پر شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ ولیج قائم کیے جائیں گے اور تمام اضلاع میں میڈیکل کیمپس کو ضروری ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت علاج میسر آ سکے۔

Leave a reply