پنجاب میں ستھرا پنجاب اتھارٹی کے قیام کی منظوری

0
62
پنجاب میں ستھرا پنجاب اتھارٹی کے قیام کی منظوری

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں ستھرا پنجاب اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ نے ستھرا پنجاب اتھارٹی بل 2025 کی منظوری دے دی ہے۔ مجوزہ قانون کے تحت یہ اتھارٹی ایک خودمختار کارپوریٹ ادارے کے طور پر کام کرے گی۔
بل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اتھارٹی کی چیئرپرسن ہوں گی جبکہ وزیر بلدیات وائس چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ مختلف سرکاری محکموں کے سیکرٹریز اور تمام ڈویژنل کمشنرز اتھارٹی کے رکن ہوں گے۔
اتھارٹی کو ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق پالیسی سازی، قواعد و ضوابط کے تعین، معیار مقرر کرنے اور لینڈ فل سائٹس کی تعمیر کا اختیار حاصل ہوگا۔ صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں جدید صفائی نظام متعارف کرانے کا بھی منصوبہ ہے۔
ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر ستھرا پنجاب ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ ضلعی اتھارٹی کو لائسنس جاری کرنے، رجسٹریشن اور فیس وصول کرنے کے اختیارات دیے جائیں گے۔ ویسٹ مینجمنٹ انسپکٹرز کی تقرری بھی ضلعی اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں ہوگی۔
دیہی علاقوں میں صفائی اور حفظانِ صحت کی بہتری بھی اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی۔ مزید یہ کہ اتھارٹی اپنی فراہم کردہ خدمات کے عوض فیس مقرر کر سکے گی، جبکہ اس کے فیصلوں کو براہِ راست عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔

Leave a reply