پنجاب میں دفعہ 144 کی پابندیاں مزید 7 دن کے لیے برقرار

0
124
پنجاب میں دفعہ 144 کی پابندیاں مزید 7 دن کے لیے برقرار

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں میں 7 روز کی توسیع کر دی ہے، جس کے بعد یہ پابندیاں 15 نومبر تک نافذ رہیں گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر اکٹھے ہونے، اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال اور اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

البتہ شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین کے اجتماعات کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اسی طرح سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران و اہلکار اور عدالتیں بھی اس حکم کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہوں گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور خطبہ جمعہ کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

Leave a reply