
لاہور: صوبہ پنجاب میں دفعہ 144 کی پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے، جس کے تحت یہ حکم نامہ اب 22 نومبر تک نافذ العمل رہے گا۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
حکم نامے کے مطابق صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے، جلسے جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر چار یا زائد افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اسلحے کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال، اور اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صرف اذان اور جمعے کے خطبے تک محدود ہوگا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ اقدامات صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوامی اجتماعات دہشت گردی کے لیے آسان ہدف بن سکتے ہیں اور شرپسند عناصر اس صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ شادی کی تقریبات، جنازے اور تدفین پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، جب کہ سرکاری فرائض انجام دینے والے اہلکار اور عدالتیں بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔









