پنجاب میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع

لاہور: پنجاب بھر میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی ہے۔ یہ فیصلہ موسم کی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق تعطیلات میں اضافے کا فیصلہ عوامی رائے کی بنیاد پر کیا گیا، جس کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی ادارے اب 19 جنوری سے کھلیں گے۔
ترجمان محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کیے گئے سروے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے تعطیلات بڑھانے کے حق میں رائے دی۔ سروے کے نتائج کے مطابق تقریباً 87 فیصد افراد نے تعطیلات میں توسیع کی حمایت کی، جبکہ 13 فیصد افراد نے تعلیمی ادارے 12 جنوری سے کھولنے کے حق میں رائے دی۔
وزیر تعلیم پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ فیصلے پر عملدرآمد کو ہر ضلع میں یقینی بنایا جائے۔








