
لاہور: پنجاب حکومت نے افسران کی سرکاری گاڑیوں اور ایندھن کے استعمال سے متعلق نئی پالیسی جاری کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب اب تین مختلف گاڑیاں استعمال کر سکیں گے، جن میں 2800، 1800 اور 4700 سی سی کی گاڑیاں شامل ہیں۔ ان کے لیے 4700 سی سی گاڑی کے پیٹرول کی کوئی حد مقرر نہیں، جبکہ دوسری دو گاڑیوں کے لیے ہر ماہ 800 لیٹر پیٹرول دیا جائے گا۔ اس سے پہلے چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو 1300 اور 1600 سی سی گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت تھی اور پیٹرول کی حد 200 لیٹر ماہانہ تھی۔
گریڈ 20، 21 اور 22 کے افسران کے لیے بھی نئی گاڑیوں اور پیٹرول کے قواعد متعارف کرائے گئے ہیں۔ سیکرٹری گریڈ کے افسران 2800 اور 1800 سی سی کی گاڑیاں استعمال کریں گے اور سرکاری استعمال کے لیے پیٹرول کی حد مقرر نہیں ہوگی، جبکہ ذاتی استعمال کے لیے 200 لیٹر ماہانہ دیا جائے گا۔
گریڈ 19 اور 20 کے اسپیشل سیکرٹری اور ڈی آئی جی کو 1600 سی سی گاڑی اور 250 لیٹر پیٹرول ماہانہ ملے گا، جو پرانی پالیسی کے مقابلے میں اضافہ ہے۔ اسی طرح، گریڈ 18 کے ڈپٹی سیکرٹری 1500 سی سی گاڑی کے لیے 175 لیٹر پیٹرول استعمال کر سکیں گے۔
چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے اسٹاف افسران کے لیے 1300 سی سی گاڑی اور 150 لیٹر پیٹرول مہیا کیا جائے گا، جبکہ وزرا کے اسٹاف آفیسرز کے لیے یہ حد 125 لیٹر ماہانہ رکھی گئی ہے۔
اس پالیسی کا مقصد اعلیٰ افسران کے سرکاری کاموں میں سہولت فراہم کرنا اور موجودہ گاڑیوں اور ایندھن کے انتظامات کو بہتر بنانا بتایا گیا ہے۔








