پنجاب حکومت کا ہنرمند نوجوانوں کیلئے مفت “فری پرواز کارڈ” جاری کرنے کا اعلان

0
386
پنجاب حکومت کا ہنرمند نوجوانوں کیلئے مفت "فری پرواز کارڈ" جاری کرنے کا اعلان

پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور صنعتی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات میں ایک نمایاں اقدام “مریم نواز فری پرواز کارڈ” کا اجراء ہے، جس کا مقصد ہنرمند افراد کو بیرون ملک ملازمتوں تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا، جس میں اسکل ڈویلپمنٹ اور انٹرپرینیورشپ سے متعلق محکمے نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حالیہ مہینوں میں 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے گئے، جن میں سے 75 ہزار سے زیادہ افراد روزگار حاصل کر چکے ہیں، جب کہ 15 ہزار نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمتیں ملی ہیں۔

ٹیوٹا اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل جیسے اداروں سے تربیت حاصل کرنے والے ہزاروں نوجوان برسرِ روزگار ہو چکے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے مقابلے میں صوبے میں تکنیکی تربیت کے رجحان میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صنعتی شعبے کی موجودہ ضروریات کو جانچنے کے لیے انڈسٹری کا نیا سروے کرایا جائے گا، تاکہ تربیتی پروگراموں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالا جا سکے۔

دیہی خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے “میں ڈیجیٹل” پروگرام کے تحت 3 ہزار خواتین کو آئی ٹی ٹریننگ دی جائے گی، جس کے لیے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں بہاولپور، سرگودھا، گوجرانوالا، لودھراں اور فیصل آباد کی خواتین کو شامل کیا جائے گا۔

Leave a reply