
پرتگال نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے۔ کوالیفائنگ مرحلے میں آرمینیا کے خلاف 1-9 کی فیصلہ کن کامیابی نے ٹیم کو گروپ ایف میں پہلی پوزیشن دلوائی اور براہِ راست ورلڈ کپ کی ٹکٹ بھی پکی کر دی۔
میچ میں کرسٹیانو رونالڈو کی غیر موجودگی کے باوجود پرتگال نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ برونو فرنینڈس اور جواؤ نیویس نے ہیٹ ٹرک اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ رونالڈو گذشتہ میچ میں ریڈ کارڈ کے باعث معطل تھے اور آرمینیا کے خلاف ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔
آئرلینڈ کے خلاف پچھلے میچ میں 0-2 کی شکست کے بعد پرتگال نے بھرپور کم بیک کیا۔ ٹیم کی کامیابی پر رونالڈو نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: “ہم ورلڈ کپ میں پہنچ گئے! چلو پرتگال!”
اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پرتگال مجموعی طور پر نویں اور مسلسل ساتویں بار ورلڈ کپ کھیلنے جا رہا ہے۔









