پراڈا کا مہنگا سیفٹی پن: فیشن کی دنیا میں سنسنی، سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان

لگژری فیشن برانڈ پراڈا نے ایک سادہ سی چیز کو غیر معمولی قیمت پر مارکیٹ میں پیش کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ یہ کوئی عام بروچ یا قیمتی زیور نہیں، بلکہ ایک سنہری سیفٹی پن ہے جس کے گرد چند رنگین دھاگے لپٹے ہوئے ہیں اور اس میں پراڈا کا چھوٹا سا چارم شامل ہے۔
عام دکانوں سے یہ سیفٹی پن چند روپے میں دستیاب ہوتا ہے، مگر پراڈا نے اسے تقریباً $775 (تقریباً دو لاکھ پاکستانی روپے) میں پیش کر دیا ہے۔ نہ کوئی قیمتی پتھر، نہ کوئی پیچیدہ ڈیزائن—صرف لگژری برانڈ کا نام اس کی قیمت بڑھا رہا ہے۔
انسٹاگرام انفلوئنسر بلیک سوان ساژی نے اس مہنگے بروچ پر طنزیہ انداز میں ریل پوسٹ کی، جس میں کہا:
“میں ایک بار پھر امیروں سے پوچھوں گی کہ آپ ااپنے پیسوں کیساتھ واقعی کیاکر رہے ہیں؟”
ویڈیو وائرل ہو گئی اور صارفین نے بھی تبصرے شروع کر دیے۔ کئی لوگوں نے کہا کہ یہ سیفٹی پن خود بھی بنایا جا سکتا ہے اور اس کی قیمت غیر ضروری ہے۔ ایک صارف نے لکھا، “یہ میں خود بھی بنا سکتی تھی، پراڈا کا چمکتا ہوا حصہ نہ ہو تو بھی!”
اس واقعے نے فیشن برانڈز کی مہنگی قیمتوں پر تنقید کو اجاگر کیا اور سوشل میڈیا صارفین کے لیے ہنسی اور تبصرے کا موقع فراہم کیا۔ آخرکار، پراڈا کا یہ مہنگا سیفٹی پن نہ صرف فیشن کی دنیا میں خبروں کی زینت بنا بلکہ صارفین کے درمیان بحث اور ہنسی کا سبب بھی بن گیا۔








