پتنگوں، ڈھول اور رنگوں کا تہوار، لاہور میں بسنت کی تیاریاں مکمل

0
55
پتنگوں، ڈھول اور رنگوں کا تہوار، لاہور میں بسنت کی تیاریاں مکمل

لاہور میں بسنت کے تہوار کا رنگ ایک بار پھر نمایاں ہوتا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے آغاز کے ساتھ ہی شہر بھر میں بسنت کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے اور لوگ بھرپور انداز میں اس روایتی جشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ، ڈور، ڈھول اور دیگر ثقافتی اشیاء کی خریداری کے لیے بازاروں میں خاصی چہل پہل دیکھی جا رہی ہے۔ شہری اپنی چھتوں کو صاف اور سجانے میں لگے ہوئے ہیں جبکہ ہر عمر کے افراد بسنت منانے کے لیے پرجوش نظر آتے ہیں۔
موچی گیٹ سمیت پرانے لاہور کے علاقوں میں پتنگ فروشوں کی دکانیں آباد ہو چکی ہیں اور ڈھول کی تھاپ نے تہوار کے ماحول کو مزید جاندار بنا دیا ہے۔ بازاروں میں رش اور گہماگہمی اس بات کی عکاس ہے کہ بسنت ایک بار پھر شہریوں کے دلوں کو بھا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے موچی گیٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دکانداروں اور خریداروں سے ملاقات کی اور بسنت کی تیاریوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے روایتی ڈھول کی پرفارمنس دیکھی اور عوامی جوش کو سراہا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے کے ثقافتی ورثے اور روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔ ان کے مطابق بسنت کی بحالی ایک اہم قدم ہے اور آئندہ دنوں میں یہ تہوار لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی منایا جائے گا۔
بسنت کی رونق نے غیر ملکی مہمانوں کی توجہ بھی حاصل کی ہے۔ یورپی یونین کے سفیر نے لاہور کے تاریخی علاقوں کا دورہ کیا اور شہر کی گلیوں، ثقافت اور روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کا ثقافتی حسن اور عوامی جوش قابلِ دید ہے۔
لاہور میں بسنت کا تہوار ایک بار پھر رنگ، خوشی اور زندگی کی علامت بن کر ابھر رہا ہے، جہاں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ غیر ملکی مہمان بھی اس ثقافتی جشن سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

Leave a reply