پاک فوج نے افغان حدود میں 19 چیک پوسٹیں سنبھال لیں، خوارج کا اہم ٹھکانہ تباہ

پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستانی فورسز نے افغان جانب سے ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں سرحد پار متعدد چیک پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغانستان کی جانب سے مختلف سرحدی علاقوں — جن میں انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ شامل ہیں — پر فائرنگ کی گئی۔ پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان حملوں کا منہ توڑ جواب دیا۔
ذرائع کے مطابق، کارروائی کے دوران افغان حدود میں واقع کم از کم 19 چیک پوسٹیں جنہیں حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، اب پاکستانی کنٹرول میں ہیں۔ کارروائی کے دوران متعدد افغان اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ کئی پوسٹیں خالی چھوڑ دی گئیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر شدید نقصان اور تباہی کے مناظر دیکھے گئے ہیں۔
سرکاری سطح پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے، اور سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔









