
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اوپنر سمیر منہاس نے انڈر 19 ٹرائی سیریز کے فائنل میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
زمبابوے کے خلاف ہرارے میں کھیلے گئے فائنل میں، سمیر منہاس نے صرف 42 گیندوں پر سنچری بنا کر انڈر 19 کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ان کے اس ریکارڈ نے بھارتی کھلاڑی ویبھو سوریا ونشی کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے لیے 159 رنز کا ہدف مقرر کیا، جسے پاکستان نے محض 16.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سمیر منہاس نے 51 گیندوں میں 114 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں، جس میں 17 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ محمد شایان 38 رنز بنا کر اور عثمان خان 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل اس ریکارڈ میں دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں پاکستان کے قاسم اکرم شامل ہیں، جنہوں نے 2022 میں سری لنکا کے خلاف 63 گیندوں پر سنچری بنائی تھی، جبکہ آسٹریلیا کے جیڈن ڈریپر نے بھارت کے خلاف 65 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی









