پاکستان کی توانائی کی تاریخ میں نیا انقلاب — سندھ میں ہائیبرڈ سولر و ونڈ پاور پلانٹس کا قیام

پاکستان کی توانائی کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت ہوئی ہے، ٹرائیڈینٹ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ اور کے۔الیکٹرک کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت سندھ میں جدید ہائیبرڈ سولر اور ونڈ پاور پلانٹس قائم کیے جائیں گے جو پاکستان کو صاف، پائیدار اور سستی توانائی کے ایک نئے دور میں داخل کریں گے۔
تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ہائی نیس پرنس منصور بن محمد بن سعد آل سعود نے خصوصی شرکت کی۔
معاہدے پر ٹرائیڈینٹ انرجی کے سی ای او جناب حبیل احمد خان اور کے۔الیکٹرک کے سی ای او جناب مونس عبداللہ علوی نے دستخط کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا:
“یہ منصوبہ سندھ اور پاکستان کے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور توانائی کے ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔”
ٹرائیڈینٹ انرجی کے سی ای او جناب حبیل احمد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“ہم اس تاریخی موقع پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ہمارا مقصد پاکستان کو قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانا ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف بجلی کی قلت کو دور کرے گا بلکہ ماحول دوست توانائی کی فراہمی کے ذریعے آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر اور روشن مستقبل یقینی بنائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا:
ٹرائیڈینٹ انرجی ہمیشہ جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے اصولوں پر کاربند رہی ہے۔ کے۔الیکٹرک کے ساتھ یہ اشتراک پاکستان میں توانائی کے ایک نئے انقلاب کی بنیاد رکھے گا، اور ہم اس شراکت داری کو قومی خدمت سمجھتے ہیں۔”
یہ منصوبہ نہ صرف توانائی کے بحران میں نمایاں کمی کا باعث بنے گا بلکہ ہزاروں روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ ماہرین کے مطابق اس منصوبے سے پاکستان کو گرین انرجی کی عالمی دوڑ میں نمایاں مقام حاصل ہوگا۔
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی و تکنیکی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
یہ معاہدہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اب توانائی کے شعبے میں خود کفالت اور پائیدار ترقی کی سمت مضبوط قدم بڑھا رہا ہے۔