پاکستان کو آئی ایم ایف کی اگلی قسط دسمبر تک ملنے کا امکان: وزیر خزانہ

واشنگٹن: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط رواں سال دسمبر تک موصول ہونے کی توقع ہے۔
اپنے امریکی دورے کے دوران واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ جلد اجلاس میں معاہدے کی منظوری دے گا، جس کے بعد یہ قسط جاری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان پر کوئی ایسی شرط عائد نہیں کی جو قومی مفادات کے خلاف ہو، اور پروگرام کے تحت کی گئی معاشی اصلاحات ملکی ترجیحات کے مطابق ہیں، جنہوں نے معیشت کو استحکام دیا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ انہوں نے دورہ امریکہ کے دوران 20 وزارتی اجلاس میں شرکت کی اور “لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ” کو فوری طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ ان کی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر مختار ڈیوپ سے ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایگزِم بینک جلد ریکوڈک منصوبے میں شمولیت اختیار کرے گا۔
اس دورے کے دوران وزیر خزانہ کی جے پی مورگن کے سینئر وفد سے بھی ملاقات ہوئی، جہاں دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر بات چیت کی گئی۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی و ٹیرف معاہدہ ایک سے دو ہفتوں میں طے پا سکتا ہے، جبکہ حکومت نیویارک میں واقع روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے متعلق فیصلے کے قریب ہے۔









