
اسلام آباد – پاکستان کو پہلی بار بین الاقوامی سطح پر شیف برادری کے ایک اہم ایونٹ “ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم 2026” کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ یہ فیصلہ چین کے شہر شوجو میں منعقدہ ورلڈ شیفس فورم 2025 کے دوران کیا گیا۔
اس میزبانی کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، جس میں پاکستان نے 21 میں سے 13 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔
ایونٹ کی میزبانی اکتوبر 2026 میں کی جائے گی، اور اس کی تقریبات اسلام آباد اور لاہور میں منعقد ہوں گی۔ پاکستان کی نمائندگی شیفس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی و صدر احمد شفیق نے کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ موقع پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور اس کے ذریعے نہ صرف دنیا بھر سے شیف پاکستان آئیں گے بلکہ مقامی شیفس کو بین الاقوامی سطح پر ملازمتوں کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم کے رکن ممالک میں چین، بھارت، سری لنکا، کوریا، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، جاپان، مکاؤ، ملائیشیا، سنگاپور، مالدیپ، فلپائن، نیپال سمیت دیگر ایشیائی ممالک شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اس نوعیت کے عالمی شیف فورم کی میزبانی کرے گا، جو ملکی مہمان نوازی، ثقافت اور پاک و ذائقہ کی صنعت کو عالمی منظرنامے پر اجاگر کرنے میں مدد دے گا۔









