
فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے عندیہ دیا ہے کہ وہ مستقبلِ قریب میں پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے جیانی انفنٹینو کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان آنے کی یقین دہانی کروا رکھی ہے۔ انہوں نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی موجودہ قیادت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئے صدر مثبت سمت میں کام کر رہے ہیں۔
فیفا صدر نے پاکستان کو فٹبال کے حوالے سے ایک اہم اور باصلاحیت ملک قرار دیا اور کہا کہ ادارہ چاہتا ہے کہ پاکستان ایشیائی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرے، جس کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیفا نے پاکستانی سیاستدان سیدہ آمنہ بتول کو اپنی اصلاحاتی کمیٹی کا رکن مقرر کیا تھا۔ اس سے قبل فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے نومبر 2025 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں فٹبال کے انفراسٹرکچر اور ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
پاکستان میں فٹبال نوجوانوں میں خاصی مقبول ہوتی جا رہی ہے۔ حالیہ برسوں میں اسکولوں، مقامی مقابلوں اور کمیونٹی سطح کے کلبوں کے ذریعے کھیل میں دلچسپی مزید بڑھی ہے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔









