پاکستان میں سونے کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے اثر سے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں

0
62
پاکستان میں سونے کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے اثر سے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں

عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اچانک اضافے کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں ایک دن میں 153 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 4713 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں اس کا فوری اثر نظر آیا اور سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد ایک تولہ سونا پاکستان میں 4 لاکھ 94 ہزار 62 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 13 ہزار 117 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ اب 4 لاکھ 23 ہزار 578 روپے ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اضافے کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان ہیں، جس میں انہوں نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے جلد ختم ہونے کا اشارہ دیا۔
عام طور پر جب ڈالر کی قدر کم ہوتی ہے تو سونا دیگر کرنسیوں کے حامل افراد کے لیے سستا اور آسانی سے خریدنے کے قابل ہو جاتا ہے، جس سے اسکی طلب اور قیمت میں اضافہ ہوتا ہے۔
تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مہنگائی میں اضافہ ہوا یا شرح سود بڑھی تو سونے کی قیمتوں میں بڑھتی ہوئی رفتار سست پڑ سکتی ہے۔ یاد رہے کہ مارچ میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 11 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی تھی، جو 2008 کے بعد کسی ایک ماہ میں سب سے بڑی گراوٹ تھی۔
اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہوتی ہے اور جنگ بندی کے آثار واضح ہوتے ہیں تو عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں استحکام یا اضافہ متوقع ہے۔

Leave a reply