پاکستان تحریک انصاف کا 27 ویں آئینی ترمیم مسترد کرنے کا متفقہ فیصلہ

0
136
پاکستان تحریک انصاف کا 27 ویں آئینی ترمیم مسترد کرنے کا متفقہ فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کو پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی صدارت میں اراکین پارلیمنٹ اور پارٹی قیادت نے شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔

اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، 27 ویں آئینی ترمیم اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یہ ترمیم صوبائی خودمختاری پر حملہ ہے اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے، جسے ہر سطح پر مسترد کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین، جمہوریت اور وفاقی اکائیوں کے حقوق کی محافظ ہے اور کسی بھی غیر آئینی ترمیم کو منظور نہیں ہونے دے گی۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کی فوری تقرری کا بھی مطالبہ کیا تاکہ ایوان میں جمہوری توازن قائم ہو۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات کے لیے فوری انتظام کیا جائے اور وفاقی اور پنجاب حکومت سے اس ملاقات کا اہتمام کرنے کی درخواست کی گئی۔

پارٹی رہنماؤں نے زور دیا کہ ملک کی تمام جمہورتی قوتیں غیر آئینی ترمیم کے خلاف متحد ہوں اور 1973 کے آئین کو محفوظ بنایا جائے، کیونکہ موجودہ پارلیمان فارم 47 کے تحت منتخب ہوئی ہے اور کسی آئینی ترمیم کا اخلاقی جواز نہیں بنتا۔

Leave a reply