پاکستان اور یو اے ای کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس معاہدہ طے پا گیا

0
45
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے مسافروں کے لیے سفر کے عمل کو مزید آسان بنانے کے مقصد سے پری امیگریشن کلیئرنس کے نظام پر باضابطہ اتفاق کر لیا ہے۔ اس نئے انتظام کے تحت مسافروں کی امیگریشن کلیئرنس روانگی سے قبل پاکستان میں ہی مکمل ہو سکے گی، جس سے یو اے ای پہنچنے پر امیگریشن کے طویل مراحل سے بچاؤ ممکن ہوگا۔
نئے نظام کا آغاز ابتدائی طور پر کراچی سے بطور پائلٹ منصوبہ کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں اس سہولت کو مرحلہ وار دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔
اس حوالے سے وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کے ڈی جی کسٹمز و پورٹ سیکیورٹی کی قیادت میں آنے والے یو اے ای کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون، باہمی تعلقات اور مسافروں کے لیے امیگریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے پر گفتگو کی گئی۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ پری امیگریشن کلیئرنس کے نفاذ سے مسافروں کو یو اے ای پہنچنے پر امیگریشن کاؤنٹرز پر انتظار اور تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، جس سے سفری سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یو اے ای کے وفد نے اس منصوبے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف عوام کو سہولت حاصل ہوگی بلکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوطرفہ تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔

Leave a reply