
ابوظبی: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و انفرا اسٹرکچر سہیل محمد المزروعی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ریل نظام اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔
یہ ملاقات ابوظبی میں جاری “گلوبل ریل اینڈ انفرا اسٹرکچر کانفرنس اینڈ ایگزیبیشن” کے موقع پر ہوئی، جہاں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے یو اے ای حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
بلال اظہر کیانی نے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد اور پرتپاک میزبانی پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک ایسا پلیٹ فارم قرار دیا جہاں مختلف ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر مستقبل میں باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے جدید انفرا اسٹرکچر، خاص طور پر “اتحاد ریل” منصوبے کو سراہا اور پاکستان میں ریل نظام کی بہتری کے لیے اس طرز کے ماڈلز سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں وزرا نے خطے میں رابطوں کو مضبوط بنانے، اقتصادی ترقی کے فروغ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پائیدار حل تلاش کرنے کے مشترکہ وژن پر بھی گفتگو کی۔