
پاکستان اور مصر نے سیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط کے شعبوں میں باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے، اور پاکستان جلد مصر کو 500 کاروباری اداروں کی فہرست فراہم کرے گا تاکہ نجی شعبے کے تعاون میں اضافہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت، دفاع اور سکیورٹی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مسلسل بہتر ہو رہے ہیں۔
مصر کے وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں اور مصر غزہ کی تعمیرِ نو میں پاکستان کے تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصر شدت پسندی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز کے مقابلے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی شراکت داری کے فروغ سے خطے میں امن، ترقی اور اقتصادی استحکام کو تقویت ملے گی۔









