
ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان نے سپر فور مرحلے میں بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ 136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بنا سکی۔
دوسری جانب بھارت پہلے ہی فائنل میں رسائی حاصل کر چکا تھا، اور اب دونوں روایتی حریف 28 ستمبر کو ایشیا کپ کے فائنل میں ٹائٹل کے لیے ٹکرائیں گے۔
1984 سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے اب تک 16 ایڈیشن ہو چکے ہیں، لیکن یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں پہنچے ہیں۔
ٹورنامنٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو بھارت 8 بار ٹائٹل جیت کر سرفہرست ہے، سری لنکا 6 بار چیمپئن رہ چکا ہے، جبکہ پاکستان نے اب تک 2 بار ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
شائقین کرکٹ اس تاریخی مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں، جو نہ صرف ایشیائی کرکٹ بلکہ عالمی سطح پر بھی بھرپور دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے۔








