پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 1.2 ارب ڈالر کے معاہدے کی امید

0
91
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 1.2 ارب ڈالر کے معاہدے کی امید

اسلام آباد – پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان 1.2 ارب ڈالر مالیت کے اسٹاف لیول معاہدے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک غیرملکی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امید ہے رواں ہفتے معاہدہ طے پا جائے گا۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف مشن کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور فالو اپ مذاکرات میں بھی اچھی پیش رفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ اور 1.4 ارب ڈالر کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے تحت ممکنہ جائزے پر بھی بات ہو رہی ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا ہے، اور اب مہنگائی، کرنسی میں اتار چڑھاؤ اور مالی دباؤ کے بعد معیشت میں بہتری کے آثار ہیں۔

مزید برآں، پاکستان رواں سال کے اختتام سے پہلے پہلا گرین پانڈا بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ عالمی مالیاتی منڈی میں کم از کم ایک ارب ڈالر کے بانڈز اگلے سال متوقع ہیں۔ حکومت یورو، ڈالر اور سکوک سمیت مختلف مالیاتی آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

نجکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں نجکاری کا عمل تیز تر ہوگا۔ پی آئی اے اور تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی فروخت کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور پانچ مختلف گروپس نے باضابطہ دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپ اور برطانیہ کیلئے پروازوں کی بحالی سے قومی ایئرلائن کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے، اور یہ نجکاری گزشتہ دو دہائیوں میں سب سے بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

Leave a reply