پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ٹیکس ہدف میں نرمی پر اہم پیش رفت

0
43

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان جاری مذاکرات میں رواں مالی سال کے لیے ٹیکس اہداف میں کمی پر ابتدائی اتفاق ریکارڈ پر آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کی درخواست پر 160 ارب روپے کے ٹیکس ہدف میں کمی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

وزارت خزانہ کے قریبی ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے لیے مجوزہ ٹیکس ہدف اب 13 ہزار 971 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم، اس میں حتمی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے مشروط ہے، جو آئندہ اجلاس میں دی جائے گی۔

اقتصادی پالیسیوں سے متعلق میمورنڈم کا مسودہ پاکستان کی معاشی ٹیم کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے، اور باہمی مشاورت کے بعد معاہدے کی راہ ہموار ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں مکمل ہوئے، جن میں متعدد اہم نکات پر اتفاق رائے حاصل کیا گیا۔ مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف کا جائزہ مشن وطن واپس روانہ ہو چکا ہے، تاہم ورچوئل رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اگر مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں تو پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط موصول ہونے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ موجودہ مالیاتی پروگرام کے تحت پاکستان معیشتی استحکام، محصولات میں بہتری، اور اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کا پابند ہے۔ تاہم حالیہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث حکومت نے ٹیکس اہداف میں نرمی کی درخواست کی تھی۔

Leave a reply