پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئی بلندی پر، 100 انڈیکس میں شاندار اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا دن تاریخی ثابت ہوا، جب ہنڈرڈ انڈیکس میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی۔ انڈیکس 1,226 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 152,201 کی سطح پر بند ہوا، جو اب تک کی بلند ترین اختتامی سطح ہے۔
کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 152,805 کی ریکارڈ حد تک بھی پہنچا، جو کہ اسٹاک مارکیٹ کی نئی تاریخ رقم کرتا ہے۔ گزشتہ چار روز کے دوران انڈیکس میں مجموعی طور پر 4,858 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شیئر بازار میں آج ایک ارب 4 کروڑ سے زائد حصص کی خرید و فروخت ہوئی، جب کہ مسلسل چوتھے روز بھی ایک ارب سے زیادہ شیئرز کا لین دین جاری رہا۔ آج کے کاروبار کی مجموعی مالیت 51 ارب روپے رہی۔
اس زبردست تیزی کے باعث مارکیٹ کی مجموعی مالیت (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) میں 108 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 17,963 ارب روپے تک جا پہنچی۔ ڈالر کے لحاظ سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 427 ارب روپے کے اضافے کے ساتھ تقریباً 63.75 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔