پاکستانی پاسپورٹ کی نئی شکل، والدہ کا نام بھی شامل ہوگا

وزارت داخلہ نے پاکستانی پاسپورٹ کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے ڈیزائن میں ملک کے صوبوں کی تاریخی اور اہم عمارات کی تصاویر شامل کی جائیں گی تاکہ پاکستانی ثقافت اور ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پاسپورٹ کے بیرونی صفحات کا رنگ پہلے کی طرح برقرار رکھا جائے گا، جبکہ اندرونی صفحات کے رنگ میں تبدیلی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، جدید سیکیورٹی فیچرز کو بھی پاسپورٹ میں شامل کیا جائے گا تاکہ اس کی حفاظت اور معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے پاسپورٹس میں والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی درج کیا جائے گا۔ ویزہ صفحات پر ملک کی تاریخی عمارات کی تصویری نمائش بھی کی جائے گی۔
نئی پاسپورٹ بکلیٹس کی چھپائی پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کو سونپ دی گئی ہے، اور تمام تبدیلیاں جدید تقاضوں اور سیکیورٹی کے اصولوں کے مطابق کی جا رہی ہیں۔
محکمہ پاسپورٹس نے واضح کیا ہے کہ صرف پاسپورٹ کے فیچرز میں جدت لائی جا رہی ہے، اور دیگر کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔









