
تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل روئنگ ریگاٹا میں پاکستانی روئرز نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 20 میڈلز اپنے نام کر لیے، جن میں 14 گولڈ میڈلز شامل ہیں۔
تین روزہ اس بین الاقوامی ایونٹ میں 8 مختلف ممالک کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پاکستانی ٹیم نے کوچ اصغر علی کی قیادت میں مختلف مقابلوں میں شاندار کھیل پیش کیا اور 14 طلائی، 4 نقرئی اور 2 کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
پاکستان کے فرید محمد عارف نے 6 گولڈ اور 2 سلور میڈلز جیت کر ایونٹ کے کامیاب ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ عنایہ زیدی نے 5 گولڈ میڈلز کے ساتھ بہترین خاتون روئر کا اعزاز اپنے نام کیا۔
اس کے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کی صاحبزادی حوریا فیصل نے بھی ایک گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔
یہ کامیابی پاکستانی روئنگ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔









