پی ٹی آئی کا جلسہ: اجازت یا پابندی؟ سندھ حکومت نے شرطیں عائد کر دی!”

0
53
پی ٹی آئی کا جلسہ: اجازت یا پابندی؟ سندھ حکومت نے شرطیں عائد کر دی!"

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو باغ جناح میں جلسہ کرنے کی باضابطہ اجازت دے دی گئی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این او سی 26 شرائط کے ساتھ جاری کیا گیا ہے، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر اجازت منسوخ کرنے کا اختیار ضلعی انتظامیہ کے پاس برقرار رہے گا۔ جلسہ شام8 بجے سےرات بارہ بجے تک منعقد کیاجاسکے گا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ جلسے کے دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ پنڈال کی مکمل جانچ کے بعد اسے منتظمین کے حوالے کرے گا، اور پورے پروگرام کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، جس کی سی ڈی اگلے روز متعلقہ اداروں کو جمع کرانا منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ شرائط اس لیے رکھی گئی ہیں تاکہ جلسہ پرامن انداز میں ہو، عوامی نظم و ضبط برقرار رہے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ابتدائی طور پر این او سی میں تاخیر کے باعث پی ٹی آئی نے مزار قائد کے باہر جلسہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، لیکن بعد میں سندھ حکومت کی طرف سے باغ جناح کے لیے باضابطہ اجازت جاری ہونے کے بعد پارٹی نے اپنا فیصلہ بدل دیا۔
سندھ حکومت نے واضح کیا کہ سڑکوں پر جلسے کی اجازت نہیں ہوگی اور عوامی مشکلات پیدا کرنے والے اقدامات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر داخلہ ضیاء لنجار اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون کیا ہے، لیکن قانون اور حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے بھی کہا کہ جلسہ صرف باغ جناح میں ہونا چاہیے اور مزار قائد کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتظمین قانون، امن و امان اور ٹریفک کے بہاؤ کے ذمہ دار ہوں گے اور پروگرام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا لازم ہوگا۔

Leave a reply